سیاہ فام نوجوان کے قتل کے خلاف بالٹی مور کے شہریوں اور پولیس میں پھر تصادم، 15 افسران زخمی

Strike

Strike

بالٹی مور (جیوڈیسک) امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے بالٹی مور میں سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے ہنگاموں میں کئی پاکستانی نژاد امریکیوں کی دکانوں کو بھی نذر آتش کر دیا گیا، صدر اوباما نے بالٹی مور میں ہنگاموں کے ذمے دار عناصر سے مجرموں کی طرح نمٹنے کا حکم جاری کر دیا۔

سیکڑوں مظاہرین نے سرکاری املاک کونقصان پہنچایا اوردرجنوں تجارتی مقامات کو لوٹ لیا۔ اس کے علاوہ مظاہرین نے گاڑیوں اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ مظاہرین اور پولیس کے تصادم میں 15افسران زخمی بھی ہوئے۔ مظاہرین نے جن دکانوں کولوٹا یا آگ لگائی ان میں کئی پاکستانیوں کی دکانیں شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے ہنگاموں سے متاثرہ علاقے میں امدادی کام شروع کردیا ہے۔ امدادی کاموں کے سلسلے میں مسلمان بھی شریک ہیں۔ مسلم رضاکاروں کی ٹیم نے سینئر ہاؤسز میں 2ٹرک امدادی سامان تقسیم کیا۔

دوسری جانب صدر اوباما نے کہاکہ متاثرین اس بات کے خواہش مندہیں کہ جن لوگوں کی املاک تباہ ہوئیں ان کے نقصانات کاازالہ کیاجائے گا۔