ملکہ کی خبریں 18/10/2017

Malka

Malka

ملکہ (عمر فاروق اعوان سے) نابینا افراد کی تعلیم اور تربیت کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا اور انہیں ہنر فراہم کر کے معاشرہ کا باعزت اور مفید شہری بنایا جا ئے گا۔ایم پی اے چوہدری شبیر احمدنے ان خیالات کا اظہار انہوںنے المدثر ٹرسٹ کے زیر اہتمام نابینا افراد کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد نابینا افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کے متعلق معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ عام لوگوں کو یہ باور کروایا جا سکے کہ بصارت سے محروم افراد بھی تھوڑی سی توجہ کے ساتھ ذمہ دار اور مفید شہری ثابت ہو سکتے ہیں۔قدرت جب کسی سے ایک نعمت لیتی ہے تو دوسری کئی صلاحیتوں کو بیدار کر دیتی ہے، بظاہر بصارت سے محروم نظر آنے والے لوگ چشم بصیرت رکھتے ہیں ان کے دل کی آنکھیں روشن،ان کے دماغ سوچ رکھنے والے اور قدرت کی نشانیوں کے عکاس ہوتے ہیں ان افراد کی صلاحیتوں کو استعما ل میں لاکر انہیں سوسائٹی کا اہم ستون بنایا جا سکتا ہے،جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کو دو مرتبہ ورلڈ کپ جتوا کر انہوں نے صف اول میں اپنا نام لکھوا لیاہے۔ سفید چھڑی کا عالمی دن منانے کا مقصد نابینا افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کے متعلق معاشرے کو آگاہی فراہم کرنا اور دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ معذور افراد بھی تھوڑی سی توجہ کے ساتھ ایک ذمہ دار اور مفید شہری ثابت ہو سکتے ہیں۔ سفید چھڑی تو نابینا افراد کو چلنے پھرنے میں تحفظ فراہم کرتی ہے۔ معاشرے کا یہ طبقہ جو بظاہر فیوز بلب کی مانند دکھائی دیتا ہے، اقوام عالم کی تھوڑی توجہ اور حوصلہ افزائی انہیں ایسے روشن چراغ میں تبدیل کر سکتی ہے جو معاشرے کے دیگر افراد میں بصیرت کا نور پھیلانے کا باعث بنے۔اس موقع پر المدثر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے چیئرمین سید مدثر حسین شاہ نے کہا کہ سپیشل بچوں کی خدمت اور ان کی تعلیم و تربیت میرا خواب ہے جو اللہ کی ذات پورا کرنے میں میری مدد فرما رہے ہیں ۔میں ایک مشن لے کر چلا تھا جس میں اللہ تعالی نے برکت ڈالی ہے اور آج میں آپ کے تعاون سے یہ نیک مشن کو آگے لے کر نکلا ہوں ۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
ملکہ(عمر فارو ق اعوا ن سے )حکومتی دعوے ٹھس ،ملکہ فیڈر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ جاری ۔کوئی پوچھنے والا نہیں ۔تفصیل کے مطابق ملکہ اور گردو نواح کے درجنوں دیہاتوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔حکومت کی طر ف سے اعلان کیا گیا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔لیکن اس کے باوجود حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ہیں ۔اہل علاقہ نے وفاقی وزیر اور واپڈا کے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ٔٔ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭