بورڈ نے نئے فاسٹ بولرز کی تلاش کا بیڑا اٹھا لیا

PCB

PCB

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے فاسٹ بولرز کی تلاش کا بیڑا اٹھا لیا، 23 جولائی سے5 بڑے شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا،135 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گیندیں کرنے والے منتخب ہوں گے، انھیں ماضی کے عظیم پیسر وسیم اکرم کراچی میں تربیت دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اسے انقلابی اسکیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان پیسرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے ، وسیم اکرم نے کہا کہ اسپیڈ اسٹار پروگرام کا حصہ بنانے پر پی سی بی کا مشکور ہوں، اس کے ذریعے اپنے وطن کوکچھ لوٹانے کا موقع ملے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل کے وسیم، وقار یونس اور شعیب اختر کی تلاش کیلیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کا عنوان ہے ’’اگر دم ہے اور فاسٹ بولنگ کی دنیا میں نام کمانا چاہتے ہیں تو تیار ہوجائیں‘‘ معیار پر اترنے والے نوجوان پیسرز وسیم اکرم سے بولنگ کا فن سیکھ کر ملکی نمائندگی کے قابل بن جائیں گے۔

گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سینئر جنرل منیجر علی ضیا نے ہیڈکوچ این سی اے محمد اکرم و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ کرکٹ کے نئے ستارے ڈھونڈنے کیلیے 23جولائی سے پی سی بی سپر اسپیڈ اسٹار پروگرام شروع کر رہا ہے جہاں رفتار کے بادشاہ کو تلاش کیا جائے گا، سپر اسپیڈ اسٹار کی تلاش 27 جولائی کو میرپور، 29 کو ملتان، 30 کو سکھر اور کوئٹہ میں ہو گی، فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والے کھلاڑی 2 ہفتے وسیم اکرم کی رہنمائی میں گزاریں گے۔