بالی ووڈ اداکار سلمان خان ضمانت پر رہا

Salman Khan

Salman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی درخواست ضمانت منظور ہوگئی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سلمان خان جیل سے رہا ، جس کے بعد خصوصی پرواز میں ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے۔

راجستھان کے ضلع جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سلمان خان کی نایاب سیاہ ہرن کے شکار کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رویندرا کمار نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اداکار کو 25، 25 ہزار روپے کے 2 مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سلمان خان کو 5 اپریل کو جودھپور کی ٹرائل عدالت نے 20 سال پرانے نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ٹرائل کورٹ نے سلمان خان کے ساتھ دیگر ملزمان اداکار سیف علی خان، اداکارہ، تبو، نیلم اور سونالی باندرے سمیت ایک اور ملزم کو کیس سے بری کردیا تھا۔عدالتی فیصلے کے بعد سلمان خان کو 5 اپریل کو ہی جودھپور کے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 2 میں قید کیا گیا تھا۔

سلمان خان نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر ابتدائی سماعت 6 اپریل کو ہوئی تھی۔ابتدائی سماعت میں سلمان خان کی ضمانت کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 7 اپریل کی صبح 10 بجے مقرر کی تھی۔آج صبح ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی، عدالت نے سہ پہر 3 بجے اداکار کی ضمانت منظور کی۔