بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں

Sridevi

Sridevi

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں۔ ان کی عمر پچپن برس تھی۔ ان کی ناگہانی موت پر فلمی ستاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کروڑوں دلوں کی دھڑکن بالی وڈ کوئین، پہلی بالی ووڈ سپر سٹار کہلانے والی سری دیوی آج مداحوں سے ہمیشہ کےلیے جدا ہوگئیں۔

وہ شادی میں شرکت کےلیے اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ دبئی میں تھیں جہاں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ سری دیوی 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1978 میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم سولہواں ساون سے کیا اور پھر اپنی چنچل اداؤں سے بالی ووڈ کو اپنا اسیر بنا لیا۔ چاندنی، لمحے، تحفہ، مسٹر انڈیا، خدا گواہ اور نگینہ ان کی یادگار شامل ہیں۔ فلم چاندنی، چالباز اور مسٹر انڈیا میں ان کے گانے بہت مقبول رہے ہیں۔ حال ہی میں پاکستانی اداکارہ سجل علی کےساتھ ریلیز ہونے والی مام ان کی 300 ویں اور آخری فلم ثابت ہوئی۔

انہوں نے ہندی فلموں کے علاوہ تامل، تیلگو، ملیالم اور کناڈا فلموں میں بھی کام کیا۔ سری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدما شری اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

انہوں نے پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ ان کے انتقال کی خبر آتے ہی ممبئی میں ان کے گھر پرستار اکٹھے ہونا شروع ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر بھی تعزیتی پیغامات آنے لگے، فلم فیرایوارڈ کی ویب سائٹ پران کی موت کو بڑا دھچکا قرار دیا گیا ہے۔