بالی ووڈ فلم میں پیرس ہلٹن نے ہریتک روشن کیساتھ ہیروئن آنے کی حامی بھر لی

 Hilton, Hrithik Roshan

Hilton, Hrithik Roshan

ممبئی (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور امریکا کی سماجی شخصیت پیرس ہلٹن نے بھارتی اداکار ہریتک روشن کے مقابل بالی ووڈ فلم میں بطور ہیروئن کام کرنے کی حامی بھرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں دبئی میں مشہور شخصیات کے لیے کھلنے والے ہوٹل سلی ریسٹورینٹ میں دونوں اداکاروں کی باقاعدہ ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں پیرس ہلٹن نے ہریتک کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں بھارت میں اپنے آخری دورے کے دوران بھی پیرس ہلٹن کو بالی ووڈ میں کام کرنے سے متعلق کئی بار پوچھا گیا تھا مگر اس مرتبہ اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ ٹویٹ میں اپنی اس خواہش کا اظہار کر ہی دیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا ہے کہ وہ کس اداکار کے ساتھ فلم میں آنا چاہتی ہیں۔

گزشتہ دنوں دبئی میں Cle Restaurant کے ایک لنچ میں بھی دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھا گیا ہے اور ہریتک روشن سے ملاقات کے بعد پیرس ہلٹن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’میرے دوست شیراز حسن(ہالی ووڈ ٹی وی کے بانی ) نے ہریتک کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے متعلق پوچھا جس پر میں نے کہا ہاں میں سحر انگیز ڈانسر ہریتک کے ساتھ اس کی اگلی بالی ووڈ فلم میں کام کرنا چاہتی ہوں۔

بھارتی اداکار سے ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے پیرس نے اپنے دوست شیراز کو بتایا کہ ’’ہریتک ایک خوش اخلاق‘ پیارا اور سحر انگیز شخص ہے اور ہم دونوں تمام رات ایک ساتھ رہے ہیں‘ میں نے بالی ووڈ سے متعلق بہت کچھ سن رکھا ہے اور ہریتک بھارت کی بہت عمدہ اور رومانوی انداز میں نمائندگی کرتا ہے‘ میں اب بھارت جانے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتی‘ مجھے بھارتی ثقافت‘ لوگوں اور وہاں کے فیشن سے بہت محبت ہے۔

شیراز نے مزید بتایا کہ قبل ازیں بھی بالی ووڈ کے فلم سازوں نے پیرس ہلٹن کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے بہت سی کوششیں کی تھیں اور اب مجھے پھر سے بالی ووڈ کے بڑے کھلاڑیوں کی طرف سے پیرس ہلٹن کی فلموں میں کاسٹ کے پیغامات آنا شروع ہوگئے ہیں اور اب پیرس کے اس ٹویٹ کے بعد امید ہے کہ اب ہم جلد ہی بالی ووڈ کی فلم سائن کر لیں گے۔

چند دن قبل دبئی میں مشہور شیف گریگ مالوف کا کھلنے والا نیا ریسٹو رینٹ سلی میں دنیا بھر کے اسٹارز کے لیے ایک وی آئی پی لنچ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر 33 سالہ پیرس ہلٹن بھی مدعو تھیں اور وہیں پر بھارت سے ’’بینگ بینگ‘‘ اسٹار ہریتک روشن بھی بلائے گئے تھے جہاں دنوں اسٹارز میں طویل ملاقات ہوئی۔

جس کے بعد پیرس ہلٹن نے مائیکرو بلاگنگ پر یہ ٹویٹ کیا۔ دبئی میں کھلنے والے نئے ریسٹورینٹ سے متعلق بھی پیرس ہلٹن نے اپنی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا اور لکھا ’’سلی دبئی میں ہریتک روشن کے ساتھ اچھا وقت ہے‘ یہ ایک خوبصورت ریسٹورینٹ ہے اور دبئی میں میری پسندیدہ جگہوں میں سے ایک بن گیا ہے۔ پیرس کی طرف سے جاری کردہ تصویر میں ہریتک روشن نے گرے سوٹ پہنے ہوٹل کی مالکہ کے ساتھ چست نظر آرہے تھے۔ لنچ کے موقع پر ہریتک کے ساتھ پیرس ہلٹن کے علاوہ اس کی بہن نکی ہلٹن ‘ سپر ماڈلز الیسینڈرا امبروسیو‘ ارینا شائیک‘ کارلا ڈی بیلو اور ریالٹی اسٹار کھولی کاردشیان بھی موجود تھیں۔