بم کی افواہ پر واشنگٹن کا مرکزی ریلوے اسٹیشن خالی کرا لیا گیا

Railway Station

Railway Station

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کل بدھ کو واشنگٹن کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر بم کی موجودگی افواہ کے بعد اسٹیشن کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

امریکی پولیس کے ایک سینیر عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کو اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہمیں اطلاع ملی تھی کہ ریلوے اسٹیشن پربم رکھا گیا ہے۔ اس کے بعد پولیس کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر موجود تمام افراد کو وہاں سے نکل جانے کا حکم دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ واشنگٹن کا مرکزی ریلوے اسٹیشن کانگریس کی عمارت کے بہت قریب واقع ہے۔

ادھر عینی شاہدین نے رائٹرز کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے لوگ خوف کےعالم میں ریلوے اسٹیشن سے باہر بھاگ رہے تھے۔

خیال رہے کہ واشنگٹن کا مرکزی ریلوے اسٹیشن مضافاتی ٹرینوں کی آمد ورفت اور دارالحکومت کو ملانے والی میٹرو سروسز کا بھی مرکز ہے۔ جہاں ہروقت مسافروں کا رش لگا رہتا ہے۔

بم کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل عملہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچ گیا۔ پولیس نے بارود کی بو سونگنے والے کتوں کی مدد سے بم کی تلاش شروع کی تھی۔ فائر بریگیڈ اور ریلوے ریسکیو سروس کا عملہ بھی اسٹیشن پر پہنچ گیا۔ بعد ازاں کسی قسم کے بم کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔