باکسنگ کی تاریخ کا دلچسپ مقابلہ، جوشوا نے ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیت لیا

Anthony Joshua vs Wladimir Klitschko

Anthony Joshua vs Wladimir Klitschko

لندن (جیوڈیسک) ویمبلے سٹیڈیم میں گزشتہ رات ہونے والے ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کے مقابلے کو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ اس دلچسپ میچ میں یوکرائن کے 41 سالہ ولادیمیر کلیچکو کا مقابلہ برطانیہ کے 27 سالہ انٹونی جوشوا کے ساتھ تھا۔ سٹیڈیم 90 ہزار تماشائیوں سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا۔ جبکہ کئی سپورٹس چینلز پر اس مقابلے کو براہ راست نشر بھی کیا گیا۔

اس باکسنگ مقابلے میں جوشوا نے انتہائی عمدہ مکے بازی کا مظاہرہ کیا اپنے مدمقابل کلیچکو پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن انھیں ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتنے کیلئے کڑی محنت کرنا پڑی۔ کلیچکو نے جس انداز سے اپنا دفاع کیا اور گیارہویں راؤنڈ تک اپنے حریف کا مقابلہ کیا اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

میچ کے چھٹے راؤنڈ میں کلیچکو نے مکا مار کر جوشوا کو اوندھا گرا دیا تھا۔ تاہم ولادیمیر کلیچکو گیارہویں راؤنڈ میں جوشوا سے ناک آؤٹ ہو کر ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل سے محروم ہوئے۔ اگر کلیچکو یہ فائٹ جیت جاتے تو وہ جارج فورمین کے بعد دوسرے ایسے باکسر بن جاتے، جنہوں نے چالیس برس کی عمر میں ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنا نام کیا۔