برازیلین صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک منظور

Brazilian President

Brazilian President

برازیلیا (جیوڈیسک) برازیل کی صدر ڈلما زویف کے خلاف کرپشن اور خوردبرد کے الزامات کے بعد مواخذے کی تحریک منظور کر لی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی صدر پر کرپشن اور خورد برد کے الزامات کے بعد ایوان زیریں میں ڈلما زویف کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کرنے کے لئے 6 گھنٹے تک بحث جاری رہی، طویل بحث کے بعد 513 کے ایوان میں سے 367 ممبران نے مواخذے کی تحریک میں حصہ لیا جب کہ 137 ارکان نے مواخذے کی تحریک کی مخالفت کی۔ صدر کے خلاف مواخذے کے لئے 342 ووٹ درکار تھے اور جیسے ہی ایوان میں 342 واں ووٹ کاسٹ کیا گیا تو پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے حکومت مخالف نعرے بازی شروع کردی جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔

برازیلین پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے مواخذے کی تحریک منظور ہونے کے بعد اب ایوان بالا میں بھی اس حوالے سے ووٹنگ کرائی جائے گی اور اگر وہاں بھی ڈلما زویف کے خلاف تحریک منظور ہو جاتی ہے تو پھر انھیں 180 روز کے لئے اپنے عہدہ چھوڑنا پڑے گا اور پھر 2002 سے برسر اقتدار ورکرز پارٹی کی حکومت نائب صدر مچل ٹیمر کے ہاتھ میں چلی جائے گی۔