برسبین ٹیسٹ: 490 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 70 رنز بنا لئے

Brisbane Test

Brisbane Test

برسبین (جیوڈیسک) مشکل ہدف کے تعاقب میں سمیع اسلم پندرہ اور بابر اعظم چودہ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنائے۔ اظہر علی 41 اور یونس خان بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود ہیں۔

اس سے پہلے پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ تاہم، وکٹ کیپر سرفراز احمد نے دھوکہ نہ دینے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ناقابل شکست ففٹی بنائی تھی۔ 7 قومی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکے تھے۔ پہلا دھچکا مچل سٹارک نے پہنچایا تھا اور اظہر علی کو سلپ میں عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

پاکستانی بیٹنگ کے تمام ستون رات کی روشنی میں زمیں بوس ہوئے۔ کپتان مصباح الحق کو باہر جاتی گیند سے چھیڑ خانی مہنگی پڑی، وہ صرف چار رنز بنا سکے۔ ہیزل ووڈ نے یونس خان کو کھاتہ کھولنے کا موقع ہی نہ دیا تھا۔ اسد شفیق کی مایوس کن بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ نمبر 6 بیٹسمین دو رنز بنا کر نو دو گیارہ ہو گئے۔

آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی۔ عثمان خواجہ اور سٹیو سمتھ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ اب پاکستان کو جیت کے لئے 420 رنز اور آسٹریلیا کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔