برطانیہ بھر کی طرح اولڈہم میں بھی نماز عید الفطر کے بڑے بڑے اجتماعات

Oldham Eid Namaz

Oldham Eid Namaz

اولڈہم (نوید چوھان) برطانیہ بھر کی طرح اولڈہم میں نماز عیدین کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے۔ اولڈہم میں آؤ ٹ ڈور عید نماز کے حوالے سے راس سٹریٹ مسجد خاصی شہرت کی حامل ہے لیکن بارش کے باعث اس بار نماز عیدین کی ادائیگی زیر تعمیر مسجد میں ہی کی گئی جس میں فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔

راس سٹریٹ مسجد کے امام مولانا شفیق الرحمان کی امامت میں ادا کی گئی اس نماز میں مسلمانوں کے اتحاد، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں، بہاولپور واقعہ، پارا چنار واقعہ، استحکام پاکستان، مانچسٹر اور لندن واقعات میں ہلاک ہونے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مولانا شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام محبت اور ایثار کا درس دیتا ہے اور ہم سانحہ مانچسٹر اور لندن واقعات کی پر زور مذمت کرتے ہیں ایسے کسی بھی شخص کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا جو کسی بے گناہ کو ناحق ہلاک کرے۔

ہم اس مشکل کی گھڑی میں برطانوی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں برطانیہ ہمارا بھی ملک ہے اور ہم اس سے پیار کرتے ہیں۔ سابق مئیر اولڈہم کونسلر شعیب نے بھی اولڈہم میں اور پورے دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کےلیے خصوصی مبارکباد دی۔