برطانوی شہری کا پاک فوج پر حملہ ناقابل برداشت ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ برطانوی شہری کا پاک فوج پر حملہ ناقابل برداشت ہے جب کہ الطاف حسین کےبیان پر وزیراعظم کی خاموشی بھی قابل افسوس ہے۔

عمران خان نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان پر وزیراعظم کی خاموشی قابل افسوس ہے، ایم کیو ایم کے قائد نے اپنے پیروکاروں کو اسلحہ اٹھانے اور تشدد کے لیے اکسایا، اپنے ملک میں بد امنی ہے اور وزیراعظم کو دیگر ممالک کی سکیورٹی کی فکر ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں تمام مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرنے پر اتفاق کیا گیا لیکن ایم کیو ایم کے عسکری ونگز کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی شہری کا پاک فوج پر حملہ ناقابل برداشت ہے اور لندن سے ریاست کے خلاف تقاریر پیمرا قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی راؤ انوار کے ایم کیوایم سے متعلق انکشافات پر ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔

راؤ انوار کے بیان سے سندھ حکومت کا لاتعلقی کا اظہار انتہائی بزدلی ہے جب کہ پریس کانفرنس کے اگلے ہی روز ڈی ایس پی کے قتل پر حکومتی خاموشی بھی مجرمانہ عمل ہے۔