برسلز انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 2 دھماکے،17 افراد ہلاک

Brussels Airport Blast

Brussels Airport Blast

برسلز (جیوڈیسک) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے ایئرپورٹ پر ہونے والے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، دوسری طرف برسلز ایئر پورٹ کے بعد میٹرو سٹیشن پر بھی دھماکہ ہوگیا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکوں کے بعد ایئرپورٹ پر بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے برسلز ایئرپورٹ کے ڈپارچر ہال میں ہوئے۔ دھماکے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کر کے پروازیں معطل کردی گئی ہیں ۔ حکام کے مطابق ابھی تک دھماکوں کی وجوہات کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے دہشت گرد حملے کا نتیجہ ہوسکتے ہیں تاہم اس بات کی حکام کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی ۔ مقامی میڈیا کے مطابق دھماکوں کے بعد شہر کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی، دوسری جانب بیلجیئن دارالحکومت میں ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

دھماکوں کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب 19 مارچ کو بیلجیئم پولیس نے پیرس حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور اہم ترین سہولت کار صالح عبدالسلام سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔