آئندہ بجٹ میں دس ارب ڈالر بیرونی ذرائع سے حاصل کیے جانے کا تخمینہ

Dollar

Dollar

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئندہ بجٹ میں دس ارب ڈالر بیرونی ذرائع سے حاصل کیے جانے کا تخمینہ ہے جبکہ ڈھائی ارب ڈالر کے سکوک بانڈ، ایک ارب ڈالر اسلامک بینک اور ساڑھے تین ارب ڈالر کمرشل بینکوں سے قرضوں کی صورت میں لیے جائیں گے۔

آئندہ مالی سال کی بجٹ دستاویزات کے مطابق بیرونی ذرائع سے ایک ہزار ایک سو اٹھارہ ارب روپے کے مساوی ڈالر کے قرضے اور امداد حاصل کی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق ڈھائی ارب ڈالر سکوک بانڈ، ایک ارب ڈالر اسلامی ترقیاتی بینک سے قرض لیا جائے گا۔ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے ساڑھے تین ارب ڈالر کا قرضہ لیا جائے گا۔

وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 290 ارب روپے کے قرضے لیے جائیں گے۔ صوبائی منصوبوں کے لیے 137 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے لیے جائیں گے۔ مختلف پروگرامز کے لیے 87 ارب روپے کے غیر ملکی قرضے لیے جائیں گے۔ غیر ملکی ذرائع سے 29 ارب روپے کی امداد ملنے کا امکان بھی ہے۔