بجٹ کا کل تخمینہ 47 کھرب روپے رکھے جانے کا امکان

Budget

Budget

اسلام آباد (جیوڈیسک) اگلے مالی سال کے بجٹ کا کل تخمینہ 47 کھرب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ آئندہ ترقیاتی بجٹ رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ سے 22 فیصد زیادہ ہوگا۔ وفاقی ترقیاتی بجٹ کیلئے 580 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے جبکہ صوبوں اور وفاق کا ملا کر مجموعی ترقیاتی پروگرام کا حجم 1400 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔

موٹرویز، شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کیلئے 149 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ صوبوں کیلئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 820 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ دنیا نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق آئندہ بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں 23 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولیوں کا ہدف 3200 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ واضع رہے کہ رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2600 ارب روپے رکھا گیا تھا۔

اگلے مالی سال کے بجٹ میں 220 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ اگلے مالی سال کے بجٹ میں 110 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کی جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق اگلے بجٹ میں قرضوں کی ادائیگی کیلئے 1406 ارب مختص کئے جانے کا امکان ہے۔

رواں مالی سال میں قرضوں کی ادائیگی کیلئے 1299 ارب مختص کئے گئے تھے۔ قرضوں کی ادائیگیوں کا حجم جی ڈی پی کا 4.6 فیصد ہوگا۔ اگلے بجٹ میں دفاع کیلئے 817 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ دفاعی بجٹ کا حجم جی ڈی پی کا 2.98 فیصد رہے گا۔ ذرائع کے مطابق بجٹ خسارہ 1312 ارب روپے تک رکھنے کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔