بگٹی قتل کیس،مشرف کی درخواست ضمانت پر جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری

Musharraf

Musharraf

اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں عدالت عظمی کے دو رکنی بینچ نے کی۔ سابق صدر کے وکیل ابراہیم ستی نے موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کی تمام مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے، اس کیس میں بھی شواہد نہیں ہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ان کے موکل کو عبوری ضمانت دے۔ ابراہیم ستی نے کہا کہ دیگر مقدمات میں بھی پرویز مشرف کو میرٹ پر ضمانت ملی۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر بلوچستان نے کہا کہ مقدمے میں بہت سے آئینی و قانونی نکات شامل ہیں۔ اس لیے نواب اکبر بگٹی کے قتل کے خلاف درخواست دہندہ جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرنا ضروری ہے۔

جسٹس ناصر الملک نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے کسی خاص شخصیت کا نہیں بلکہ صرف ایک عام مقدمہ ہے، سابق صدر کے خلاف درخواست دینے والے جمیل اکبر بگٹی کا موقف لینا ضروری ہے، عدالت نے جمیل اکبر بگٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں کیلیے ملتوی کر دی۔