بگٹی قتل کیس : اے ٹی سی کا فیصلہ بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج

Nawab Akbar Bugti

Nawab Akbar Bugti

کوئٹہ (جیوڈیسک) نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی نے نواب اکبر بگٹی کیس کے حوالے سے انسداد دہشت گردی کی کوئٹہ کی عدالت کے فیصلے کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں دائرکی گئی آئینی درخواست میں نواب اکبربگٹی قتل کیس میں اے ٹی سی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست جمع کرانے کے لئے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی اپنے وکیل سہیل راجپوت کے ہمراہ ہائیکورٹ آئے۔جہاں اس حوالے سے انہوں نے اپنی درخواست ہائی کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائی۔

یاد رہے اے ٹی سی نے گذشتہ ماہ کیس میں سابق صدر پرویز مشرف اور نامزد سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو بری کر دیا تھا، نوابزادہ جمیل بگٹی نے اے ٹی سی کی جانب سے ملزمان کی بریت کو چیلنج کیا ہے۔

درخواست دائر کرنے کے بعد نوابزادہ جمیل بگٹی کا کہنا تھا کہ سرکار نے دعوی کیا تھا کہ انصاف دیں گے، ہمیں انصاف نہیں ملا، نہ ماضی کی حکومت سے ہمیں انصاف ملا اور نہ حال اور مستقبل کی حکومتوں سے انصاف کی توقع ہے مگر ہم قانونی طریق کار پر عمل کر رہے ہیں۔