شہید برھان وانی کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید نے کہا ہے کہ شہید برھان وانی کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہید مظفر برھان وانی کی دوسری برسی کے حوالے سے یہاں برسلزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہید وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علی رضاسید نے کہاکہ شہید برھان وانی کشمیرکے ایک عظیم سپوت تھے اور ان کی شہادت نے جدوجہد آزادی کشمیر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔ شہداء نے تحریک آزادی کو تقویت بخشی ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتے۔ علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر ی ہرگزاپنے ا صولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ ان کی تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کررہے گی۔

چیئرمین کشمیرکونسل یورپ نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیرکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیریوں کا موقف واضح ہے ۔ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ بھارت قتل غارت اور حراست کے ذریعے کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا۔ علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے اور بھارت نے بھی انہیں حق خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ آگے آئے اور بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی حالیہ رپورٹ کو بھی سراہا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں کا بھرپور تذکرہ کیا گیاہے۔

علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے کارکنوں خصوصا بنیادی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ورکرز اور صحافیوں کے تحفظ کا بھی مطالبہ کیا جو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔

انھوں نے خاص طور پر حالیہ دنوں شہید ہونے نامور صحافی سید شجاعت بخاری کے قتل کی بین الاقوامی انکواری کا مطالبہ کیا۔