شہید برھان وانی کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی، چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (ای یو) علی رضا سید نے کہا ہے کہ شہید برھان وانی کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے شہید مظفر برھان وانی کی برسی کے موقع پریہاں برسلز میں کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہید وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہاکہ شہید برھان وانی کشمیرکے ایک عظیم سپوت تھے اور ان کی شہادت نے جدوجہد آزادی کشمیر میں ایک نئے باب کا اضافہ کیاہے۔ شہداء نے تحریک آزادی کو تقویت بخشی ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے۔ علی رضاسیدنے کہاکہ کشمیر ی ہرگزاپنے ا صولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ ان کی تحریک اپنے منطقی انجام تک پہنچ کررہے گی۔

چیئرمین کشمیرکونسل یورپ نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیرکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیریوں کا موقف واضح ہے ۔ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ بھارت قتل غارت اور حراست کے ذریعے کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا۔ علی رضاسید نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے اور بھارت نے بھی انہیں حق خودارادیت دینے کا وعدہ کررکھا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے گذشتہ سال پیلٹ گن کے ذریعے کشمیریوں کی شہادت اور بڑی تعداد میں کشمیریوں کو نابیناکرنے کی بھی مذمت کی۔ انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ آگے آئے اور بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے۔خاص طورپر کشمیریوں پر استعمال کئے جانے والے مہلک ہتھیاروں کی روک تھا م کی جائے۔ بھارت کشمیریوں پر وہ خطرناک ہتھیاراستعمال کررہاہے جن پربین الاقوامی قوانین کے تحت پابندی ہے۔