برما کے مسلمانوں پر تاریخ عالَم کے بدترین مظالم کیخلاف زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا

Protest

Protest

گجرات: برما کے مسلمانوں پر تاریخ عالَم کے بدترین مظالم کیخلاف تحریک لبیک یارسول اللہ ۖ کی اپیل پر داتا دربار تا پنجاب اسمبلی زبردست احتجاجی مارچ کیا گیا جس میں شدید بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مارچ کی قیادت تحریک کے سرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قاری، تحریک کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی، مولانا فاروق الحسن، پیر اعجاز اشرفی، شیخ اظہر حسین، علامہ وحید نور، پیر سید انیس شاہ، حاجی بلال عبد اللہ، مولانا شفیق الرحمن ہزاروی، مفتی عابد رضا، دیگر علماء ومشائخ اور سنی قائدین نے کی۔ جبکہ شرکاء نے مظلوم برمی مسلمانوں کے حق میں زبردست نعرہ بازی کرکے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد افضل قادری اور علامہ خادم حسین رضوی ودیگر مقررین نے کہا کہ برما میں انسانی حقوق کی شدید ترین خلاف ورزی اور قتل وغارت گری سمیت ظلم وستم کی انتہا ہو چکی ہے۔ اندریں صورتحال برمی مسلمانوں پر مظالم روکنے اور ان کی امداد کیلئے اسلامی ممالک کے حکمران فوری کردار ادا کریں اور عالم اسلام فی الفور میانمار سے تعلقات منقطع کردے۔ مقررین نے کہا کہ جلد از جلد اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس طلب کرکے نہ صرف بدترین مظالم کا نوٹس لیا جائے بلکہ ظلم وستم روکنے اور متاثرین کی امددد کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ مقررین نے مزید کہا کہ برما میں غیر انسانی سلوک پر دنیا خاموش اور یو این او سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنا مؤثر کردار ادا نہیں کیا، جس پر سخت تشویش ہے ۔

تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین نے کہا کہ اگر برما کے مسلمانوں کا قتل عام اور ان پر وحشیانہ ظلم وستم بند نہ کیا گیا تو دنیا بھر میں میانمار کے سفارتخانوں کا گھیراؤ کرینگے۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ تحریک لبیک یارسول اللہ ۖ جمعة المبارک آٹھ ستمبر کو یوم احتجاج منائیگی اور شہر شہر احتجاجی جلسے جلوس منعقد کئے جائینگے۔ اور خطبائے اسلام جہاد کے موضوع پر خطابات کرینگے۔ مارچ میں یوم دفاع کے حوالے سے شہداء ومحافظین پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی خدمات کو خوب سراہا گیا۔ آخر میں ملک وملت، وطن عزیز پاکستان اور برما کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔

جاری کردہ: شعبہ نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ