کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کے سلسلے میں امسال بھی ایک پر وقار تقریب منعقد

Group Photo with President Pakistan Mamnoon Hussain

Group Photo with President Pakistan Mamnoon Hussain

ٹیکسلا (ڈاکٹر سید صابر علی سے) کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کے سلسلے میں امسال بھی ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر عزت مآب جناب ممنون حسین صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان مہمان خصوصی تھے۔

صدر پاکستان نے کالج کی طرف سے لگائی گئی نمائش کا دورہ کیا اور کالج کے مختلف مشاغل کے کلبوں کی طرف سے تیار کیے گئے ماڈلز کو سراہا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے کالج پریڈ گرائونڈ میں سالانہ پریڈ کا معائنہ کیا۔ طلبا کی طرف سے پیش کیے گئے جمناسٹک شو اور گھڑ سواری ان کے اساتذہ کی پوری سال کی محنت اور لگن کی عکاسی کر رہی تھی۔

کالج کے پرنسپل میجر جنرل (ر) نجیب طارق، ہلال امتیاز (ملٹری) نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کالج میں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں کالج میں تربیت کا لازمی حصہ ہیں۔ پرنسپل نے بتایا کہ کالج کے اعلیٰ نتائج اساتذہ کی اعلیٰ ذہانت، ان کی کاوشوں اور محنت کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے تعلیم کے میدان میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ کالج کے تعلیمی انفراسٹرکچر کا بھی حصہ ہے۔ بعد ازاں صدر پاکستان نے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

چیمپیئن ٹرافی کا ایوارڈ کالج کے جناح ونگ کے حصہ میں آیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کالج کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہا اور کالج کے بہترین نتائج اور ابدالین کی طرف سے حاصل کی گئی بے شمار کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان نے بھائی چارے، اتحاد اور دیانت داری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر ادارے کونوجوان نسل میں ان اقدار کو اپنانے کی اہمیت پر زور دینا چاہیے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر علامہ محمد اقبال کی شاعری سے چند اشعار بھی پڑھے۔

ڈاکٹر سید صابر علی تحصیل رپورٹر ٹیکسلا موبائل نمبر0300-5128038