کینیڈا: پارلیمانی انتخابات میں جزوی نتائج کے مطابق لبرل پارٹی کامیاب

Canada Parliamentary Election

Canada Parliamentary Election

اوٹاوا (جیوڈیسک) کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق حزب اختلاف کی جماعت لبرل پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ کینیڈا الیکشن میں لبرل پارٹی کی کامیابی سے کنزرویٹو پارٹی کی نو سالہ حکمرانی کا بھی اختتام ہو گیا ہے۔

لبرل پارٹی کے رہنما جسٹن ٹروڈیو کو 189 انتخابی اضلاع میں برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب صاحبِ اقتدار کنزرویٹو کے وزیر اعظم سٹیفین ہارپر جنھیں 102 اضلاع میں برتری حاصل ہے انہوں نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔

اکثریت میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو 338 ارکان پر مشتمل پارلیمان میں 170 نشستیں چاہیے ہوتی ہیں۔ مغربی صوبوں میں ابتدائی گنتی کے مطابق لبرلز کو 32 نشستوں کی برتری حاصل ہے۔

یہ کینیڈا کی تاریخ میں سب سے طویل اور ممکنہ طور پر کانٹے دار انتخابی مہم سمجھی جا رہی تھی جس میں امیدوار اور رہنماؤں نے پورے ملک کے ووٹرز کے پاس بار بار جا کر ان کے لیے ووٹ ڈالنے کا کہا تھا۔