انگلش کپتان الیسٹر کک نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا

COOK

COOK

چیسٹرلی اسٹریٹ (جیوڈیسک) برطانوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹرکک نے ٹیسٹ میچوں میں کم عمری میں 10 ہزار رنز بنا کر لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ایلسٹر کک نے یہ سنگ میل انگلینڈ اورمہمان سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگزمیں عبورکیا ۔اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزا رنز بنانے والے دنیا کے سب سے کم عمر بلے باز بن گئے ہیں اورانہوں نے یہ کارنامہ 31 سال 5 ماہ اور 5 دن کی عمرمیں سرانجام دیا جب کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی بلے بازاورلٹل ماسٹرسچن ٹنڈولکرکے پاس تھا جنہوں نے 2005 میں 31 سال 10 ماہ اور 20 دن کی عمر میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کک ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزاررنز بنانے والے دنیا کے 12 ویں اورانگلینڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں اورانہیں انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

الیسٹر کک نے 2006 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جس میں انہوں نے سنچری بھی اسکور کی تھی جس کے بعد اگلا میچ وہ بیماری کے باعث نہ کھیل سکے تاہم اس کے بعد سے اب تک انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے کھیلے جانے والے تمام ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔ 2012 میں اینڈریو اسٹراس کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی۔