بحیثیت کپتان میری کوشش ہو گی کہ پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلوں، سرفراز احمد

 Sarfraz Ahmed

Sarfraz Ahmed

کراچی (جیوڈیسک) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کپتانی میرے لیے اعزاز کے ساتھ بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے جسے نبھانے کی پوری کوشش کروں گا جب کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ ٹیم کی قیادت کا موقع ملے گا۔

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کپتانی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے اور ساتھ ہی یہ بہت بڑی ذمہ داری بھی تاہم امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنے کا موقع ملے گا صرف اتنی ہی خواہش تھی کہ اپنے ملک کے لئے کرکٹ کھیلوں لیکن اللہ کے کرم سے مجھے بڑا موقع ملا ہے جس کے لئے پی سی بی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں جتنے بھی کپتانوں کے ساتھ کھیلا ان سے کافی تجربہ حاصل کیا جو اپنی کپتانی میں استعمال کرنے کی کوشش کروں گا، ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی بہت ہی اچھے اور تعاون کرنے والے ہیں جب کہ میں ہر ایک کھلاڑی کی عزت کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلوں اور جس نمبر پر ٹیم کو ضرورت ہوئی اسی پر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا اور ٹیم کے لئے اچھا لائحہ عمل بنانے کی کوشش کروں گا۔