نگران وزیراعظم کا اعلان منگل کو ہو گا، مریم اورنگزیب

Maryam Aurangzeb

Maryam Aurangzeb

لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ منگل کے روز نگران وزیراعظم کا اعلان ہو گا۔ الیکشن مشکل مرحلہ ہے، امید ہے صاف شفاف ہونگے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے صحافیوں کے اعزاز میں دی جانے والی افطار ڈنر پارٹی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوتے دیکھ رہی ہوں۔ مسلم لیگ ن میں سب کا بیانیہ ایک ہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے منگل کو نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سی پیک منصوبہ لائے اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں، “ووٹ کو عزت دو” الیکشن میں ہمارا نعرہ ہوگا۔ ہم سے کئی غلطیاں ہوئیں، لیکن بہت سی کامیابیاں بھی سمیٹیں۔ اکنامک کوریڈور ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ ملکی مسائل کا حل صرف مضبوط جمہوریت میں ہے۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سیاسی جماعتیں ہیں ان کے کمزور ہونے سے ملک کو نقصان ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ “ووٹ کوعزت دو” کا بیانیہ اب بھی درست ہے، الیکشن کے قریب آنے سے پی ٹی آئی میں اگرچہ لوگ زیادہ آ گئے ہیں لیکن اس سے ووٹر لیول کم ہوگا۔ 2007ء کے مقابلے میں 2018 میں عوام میں زیادہ سیاسی شعور پیدا ہوچکا ہے۔