کاتالان پولیس کا گرینڈ آپریشن، 53 افراد گرفتار اکثریت پاکستانیوں کی

Catalan Police

Catalan Police

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) کاتالان پولیس کا گرینڈ آپریشن، 32 گھروں پر چھاپے، بیروزگاری کے باعث بیئر فروخت کرنے کے بہانے منشیات بیچنے کا نیٹ ورک چلانے والے 53 افراد گرفتار جن میں اکثریت کا تعلق پاکستان سے ہے۔ آپریشن میں 380 موسس اہلکاروں سمیت گواردیا اربانا نے بھی حصہ لیا۔

پولیس آپریشن کاتالونیا کے شہروں بارسلونا، اوسپیتالیت اور سانتاکولوما دے فارنیرس میں کیا گیا، بارسلونا شہر میں آپریشن کے دوران رامبلا رابال، کائیے سن پاو، کائیے پے او دے لا کرے او، کائیے سیررا اور کائیے ریگومیر میں مختلف گھروں کی تلاشی لی گئی اور ایک معمر خاتون سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن بدھ کی صبح پانچ بجے شروع ہوا اور بعض جگہوں پر دوپہر تک جاری رہا۔

ہسپانوی قانون کے مطابق گرفتار ملزمان کو آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران عدالت میں پیش کردیا جائے گا، جہاں جرم ثابت ہونے پر جرمانہ، سزائے قید یا ایسے جرائم پیشہ افراد کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ بھی سنایا جا سکتا ہے جن کے پاس سپین کی قانونی حیثیت نہ ہو۔

بارسلونا سنٹر میں غیر قانونی طور پر بیئر فروخت کرنے اور اس کی آڑ میں منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف اکثر چھوٹے چھوٹے آپریشن ہوتے رہتے ہیں جن میں گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق عموماً پاکستان سے ہی ہوتا ہے، تاہم اس مرتبہ ایک بڑا آپریشن کیا گیا ہے۔