سی بی آئی کا وزیراعلی دہلی کے دفتر پر چھاپہ، بزدل مودی آخری سانس تک لڑونگا: کیجریوال

Arvind Kejriwal

Arvind Kejriwal

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وفاقی خفیہ ادارے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن ’’سی بی آئی‘‘ نے گزشتہ روز نئی دہلی میں دہلی کے وزیراعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کے دفتر پر چھاپہ مارا اور ان کے پرسنل سیکرٹری راجیندر کمار سے فراڈ کے ایک معاملے پر تفتیش کی اس صورتحال پر وزیراعلی اروند کیجریوال جن کے مودی سرکار سے تعلقات خراب چلے آ رہے ہیں وزیراعظم نریندر مودی پر برس پڑے اور انہیں بزدل اور نفسیاتی مریض قرار دیدیا۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ مرکزی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ نریندر مودی میں تمہیں بتا رہا ہوں تم دوسروں کوخوف زدہ کر سکتے ہو مجھے نہیں میں آخری سانس تک لڑونگا۔ انہوں نے کہا کہ جب مودی سیاسی طور پر میرا مقابلہ نہیں کر سکے تو اس طرح کے بزدلانہ ہتھکنڈے اختیار کرنا شروع کر دیئے۔

انہوں نے کہا سی بی آئی کے اس چھاپے میں وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا بھی براہ راست ہاتھ جن کی کرپشن کی فائلیں میرے دفتر میں پڑی ہیں اور وہ یہ فائلیں غائب کرانا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا سی بی آئی حکام کے مطابق ان کی ٹیم نے وزیراعلی آفس پر چھاپہ نہیں مارا صرف ان کے پرسنل سیکرٹری سے ایک کیس میں پوچھ گچھ کی۔

دوسری طرف بی جے پی نے وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف اروند کیجریوال کے ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے۔ پارٹی کے رہنما وفاقی وزیر روی شنکر پرساد نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کی توہین کرنے پر کیجریوال معافی مانگیں۔