جنگ بندی کی کوششیں ناکام، شامی فوج کا تازہ حملہ

Lavrov and Kerry

Lavrov and Kerry

شام (جیوڈیسک) شام میں جنگ بندی کے شکستہ حال معاہدے کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی ہے جبکہ شامی فوج نے مشرقی حلب میں تازہ حملے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف شامی جنگی طیاروں کی پروازیں بند کرنے اور شہروں پر بمباری روکنے کے لیے اتفاق رائے نہیں کر سکے۔

نیویارک میں روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’اب سوال یہ ہے کہ آگے بڑھنے کے لیے کیا چانسز ہیں کیونکہ اب یہ واضح ہے کہ اب ہم اس راستے پر مزید نہیں چل سکتے۔‘

دوبارہ سے جنگ بندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ممکن ہے کہ تو اس کے لیے ہمیں جس پہلی چیز کی ضرورت ہو گی وہ اس عمل کی بحالی کے لیے معتبر راستے کی تلاش ہے۔‘ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کے حصول کے لیے واحد راستہ یہ ہے کہ جس کے پاس فضائی طاقت ہے وہ اس کے استعمال کو بند کرے۔

’ایک یا دو دن کے لیے نہیں بلکہ جتنا زیادہ عرصے تک ممکن ہو تب تک کے لیے تاکہ ہر کوئی دیکھ سکے کہ وہ سنجیدہ ہیں۔‘ امریکہ چاہتا ہے کہ روس شامی حکومت کو اپنے جنگی طیاروں کی پروازیں بند کرنے پر آمادہ کرے ادھر روس کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا یک طرفہ جنگ بندی ہوگا۔

شام کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندے سٹیفن ڈی میسوترا کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات طویل، اذیت ناک اور مایوس کن تھی۔‘ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ وہ شام کے معاملے پر روسی حکام کے ساتھ جمعے کو بھی ملاقات کریں گے۔

بدھ کی شب مشرقی حلب میں ہونے والے تازہ فضائی حملے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کے اس حملے میں زمینی فوج بھی استعمال کیا جا رہی ہے یا نہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا نے فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ شہریوں کو اس بات کی تاکید کر رہی ہے کہ وہ ’دہشت گردوں‘ کے زیرِ قبضہ علاقے میں جانے سے گریز کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ علاقے سے نکلنے کے لیے راستے موجود ہیں شہریوں سمیت باغی بھی وہاں سے جا سکتے ہیں۔

ترکی کی سرحد کے قریب واقع شام کا شہر حلب ایک قدیم تجارتی اور صنعی مرکز رہا ہے لیکن سنہ 2012 کے بعد سے حلب باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان تقسیم ہو چکا ہے۔

حلب کے مغربی حصے پر شام کی حکومتی افواج جب کہ مشرقی حصے پر باغیوں کا قبضہ ہے۔ حلب میں جاری لڑائی کی وجہ سے 20 لاکھ افراد شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ پیر کو شام کے شہر حلب کے قریب اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک جب کہ سامان سے بھرے 31 میں سے 18 ٹرک تباہ ہو گئے تھے۔

نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیرِ خارجہ ان کے روسی ہم منصب سمیت شام میں بین الاقوامی حمایتی گروپ جس میں دنیا کے 21 ممالک شامل ہیں کے مندوبین موجود ہیں۔