چوہدری نثار نے این اے 59 سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

راولپنڈی (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے این اے 59 سے کاغذات نامزدگی حاصل کر لئے۔

چوہدری نثار علی خان نے این اے 59 راولپنڈی سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں جب کہ پی پی پی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں نے بھی اسی حلقے سے کاغذات نامزدگی لے لیے ہیں۔ این اے 59 سے چوہدری نثار کے مقابلے میں تحریک انصاف کے غلام سرور خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری کامران اسلم نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔ امیدواروں کی جانب سے ان کے عملے نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے۔

چوہدری نثار اور نواز شریف میں اختلافات کی خبریں گرم ہیں جب کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف نے کہا تھا کہ چوہدری نثار میں بچپنا ہے اور بچے کو منانا پڑتا ہے۔ شہباز شریف کی اس بات کا چوہدری نثار نے کافی برا مناتے ہوئے سخت ردعمل دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس ہی نہیں، بچپنا وہ عمل ہے جو ان کی پارٹی قیادت اس وقت روا رکھے ہوئے ہے جب کہ غیر سنجیدگی یہ ہے کہ بطور پارٹی صدر وہ اس کے مداوے کے لئے کچھ نہیں کر پا رہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 جبکہ صوبائی اسمبلی کے پی پی 10 اور 14 سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔