آل کراچی چیئرمین ولی محمد یادگارفٹ بال ٹورنامنٹء افتتاحی میچ محمد ولی یوتھ فٹ بال کلب کے نام

Karachi News

Karachi News

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) گل بلوچ یوتھ فٹ بال کلب صدیق گوٹھ شاہ فیصل کالونی کے زیر اہتمام آل کراچی چیئر مین ولی محمد یادگاری انڈر 14فٹ بال ٹورنامنٹ 2015ء کا شاندار آغازہوگیا ٹورنامنٹ کا افتتاح میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی اور بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے افسران اسلم پرویز اور محمد ارشد کے ساتھ فٹ بال کو کک لگا کر کیا ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر ہزاروں فٹ بال شائقین گرائونڈ میں موجود تھے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ محمد ولی یوتھ فٹ بال کلب نے شہداء صدیق گوٹھ کو 2-1سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا ۔کھیل کے دوران نوجوان کھلاڑیوں نے شاندا ر کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر گرائونڈ میں موجود شائقین نے عمدہ کھیل پر بھر پور داد پیش کی ۔میچ سے قبل ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے میونسپل کمشنر عمران اسلم نے گرائونڈ میں موجود ہزاروں فٹ بال شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیہ کورنگی علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے ساتھ ضلع کورنگی میں کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرکے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بھی کوشاں ہے۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی اور صدیق گوٹھ کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ فٹ بال غریبوں کا کھیل ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے نوجوان اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں میونسپل کشنر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے منتظمین اور صدیق گوٹھ کے نوجوانوں کو یقین دلا یا کہ گل بلوچ فٹ بال گرائونڈ صدیق گوٹھ کو سہولت سے آراستہ کیا جائیگا اس موقع پر انہوں نے ٹورنامنٹ آرگنائزر کو اپنے اور بلدیہ کورنگی کی جانب سے فٹ بال کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔