چیئرمین بلدیہ کورنگی نے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کا آغاز کر دیا

Chairman Korangi Town

Chairman Korangi Town

کراچی : ضلع کورنگی کی حدود میں صاف ستھرے ماحول کے قیام کے لئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے عوامی تعاون کے ذریعے صفائی وستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنا نے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا، محکمہ ہیلتھ سروسز کے یونین کمیٹیز میں تعینات انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور مقدموں کو صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے حتمی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپراہی کا مظاہرہ قطعی طور پر برداشت نہیں کیا جائیگا عوامی شکایات پر ذمہ دران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے ہدایت کی ہے کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے نظام کی مستقل بنیادوں پر بہتری کے ساتھ کچرا کنڈیوں سے کچرے کی محفوظ منتقلی کو یقینی بنا نے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور کچرا کنڈیوں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو عمل میں لایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹیز کے نمائندوں اور بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے مختلف یونین کمیٹیز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے حوالے سے انتظامات اور یونین کمیٹیز 9شاہ فیصل زون میں 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت کچرا کنڈیوں کی تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔چیئر مین سید نیئر رضا نے محکمہ ہیلتھ سروسز کے افسران وعملے سے کہاکہ عوامی خدمت کے حوالے سے فرائض احسن طریقے سے انجام دیئے جائیں۔

صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام ہر ممکن صورت میں یقینی بنا نے کے لئے اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں ،انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی کی حدود میں ضلعی ،یوسیز اور وارڈز سطح پر عوام کے منتخب نمائندے عوامی خدمت اور علاقائی تعمیر و ترقی کے کاموں میں شب روز مصروف عمل اور بلا تفریق یکساں بنیادوں پر عوامی خدمت کے فرائض انجام دے رہیں چیئر مین سید نیئر رضا نے کہاکہ یوسیز کی سطح پر چیئر مین ،وائس چیئر مین اور وارڈز کونسلرز صفائی وستھرائی کے عمل کی مکمل نگرانی کرینگے اور عملی کی حاضری اور غیر حاضری کی مفصل رپورٹ مرتب کریں گے تاکہ حوالے سے شکایات کا تدارک کرکے علاقائی سطح پر صفائی و ستھرائی کے ساتھ بلدیاتی انتظامات کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا یا جاسکے۔بعد ازاں چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے شاہ فیصل زون یوسی 9میں 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت نئی کچرا کنڈیوں کی تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے عوامی تعاون کے ذریعے صاف ستھرے ماحول کا قیام ممکن بنائیں گے۔

پبلک ریلیشن آفیسر ۔ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کراچی