چیئرمین نیب نے کرپشن کیسز پر سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی

 NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نیب قمر زمان نے کرپشن کیسز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کو پیش کردی۔ جمعہ کو چیئرمین نیب نے چیف جسٹس سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں کرپشن کیسز سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین نیب جب سپریم کورٹ پہنچے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا۔ صحافیوں کی جانب سے شریف برادران کے کرپشن مقدمات کے سوال پر چیئرمین نیب مسکراتے ہوئے جمعہ کی نماز کا کہہ کر چل دیئے۔

صحافی نے سوال کیا کہ شریف برادران کے کرپشن مقدمات کا کیا بنا؟ مقدمات کی انکوائری میں بار بار توسیع کیوں ہو رہی ہے۔ اس پر چیئرمین نیب نے جواب دیا کہ جمعہ کی نماز کا ٹائم ہے نماز پڑھیں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی ترکی کی آئینی عدالت کی سالانہ تقریبات میں شرکت کےلئے آج ہفتہ کی صبح روانہ ہونگے۔ چیف جسٹس کی عدم موجودگی میں سینئر جج جسٹس ثاقب نثار قائم مقام کی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

وہ آج قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور 30 اپریل تک ذمہ داری نبھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی ترکی سے واپسی یکم مئی کو ہو گی۔