چیئرمین نیب کیلئے کوئی مک مکا نہیں ہوا: خورشید شاہ

 Khursheed Shah

Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکے گا۔ یقین ہے کہ وہ سب کے لیے قابل قبول ہوں گے۔ چئیرمین نیب کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نئے چیئرمین نیب کے نام پر اپوزیشن کی جانب سے کوئی گلہ شکوہ سننے میں نہیں آیا۔ ایمانداری سے کہتا ہوں کہ یہ ایسا نام تها جو سب کو قابل قبول ہوتا۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا بیک گراؤنڈ بہت بہتر ہے۔ انھیں کوئی ڈکٹیشن نہیں دے سکے گا۔ کوئی مُک مُکا نہیں ہوا، ابهی تک کسی نے تنقید نہیں کی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اگر نواز شریف کے بیٹے پاکستانی شہری نہیں تو پاکستان کا قانون بھی ان پر لاگو نہیں ہو گا۔ نواز شریف کہہ دیں کہ حسن اور حسین ان کے بیٹے ہیں لیکن پاکستانی شہری نہیں تو پھر ملک کا قانون ان پر لاگو نہیں ہو گا۔ ایک سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اللہ کرے وہ وقت آ جائے کہ ہم چئیرمین نیب کے بعد نگران وزیرِ اعظم کا فیصلہ بھی کریں۔