چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات

AJK PM Meeting with Ali Raza Syed

AJK PM Meeting with Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال خاص طورپر مسئلہ کشمیرپر یورپ میں جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، عالمی سطح پر موثر انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرنے میں بیرون ممالک مقیم ہم وطن کشمیریوں کا بہت بڑا کردار ہے۔ کشمیر کونسل یورپ نے تحریک آزادی کشمیر کو یورپی اقوام کے سامنے پیش کرنے اور کشمیریوں کا مقدمہ انہیں سمجھانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے لیے آزادکشمیر کی سیاسی و مذہبی قیادت سے تفصیلی مشاورت کر کے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جائے گی، کشمیری جب عالمی فورمز پر اپنے حق کی بات کریں گے تو دنیا ان کی بات سنے گی اور کشمیریوں کی بات پر توجہ بھی دے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ تحریک آرادی کشمیر کے لیے بیس کیمپ کی منتخب حکومت کا ایک بامقصد کردار ہو مسئلہ کشمیر کا واحد پرامن اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے یورپی یونین میں علی رضا سید کی کامیاب سفارتکاری کو شاندار الفاظ میں سراہا اور یورپین لوگوں کو مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ کرنے کے لیے ان کی مثالی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا۔

علی رضا سید سے ملاقات کے دوران وزیراعظم آزادکشمیرکا مزید کہنا تھا کہ باہر مقیم ہم وطن کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ان کا مثالی کردار ہے خاص طور پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بیرون ممالک میں کشمیریوں بھرپور اور شاندار کردار ادا کیا ہے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے پرامن عوامی تحریک شروع کر رکھی ہے بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پرامن احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے اپنی ساڑھے سات لاکھ فوج کے ذریعے ریاستی طاقت کا وحشیانہ اور ظالمانہ استعمال کر رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے اندر قابض بھارتی افواج انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں مصروف ہیں۔ بھارتی فوج کے جبرو تشدداور مظالم سے کشمیر بچے ،بوڑھے ،جوان ،خواتین سبھی غیر محفوظ ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت آزادکشمیر کی سویلین آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزانسانی حقوق کی جن سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہی ہیں، انہیں عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے کشمیریوں کو متحدہو کر موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔

ہمیں قوی امید ہے کہ دنیا کا کوئی ملک انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کا ساتھ نہیں دے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا دنیا کا کوئی ملک انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھارت کا ساتھ نہیں دے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے نتیجہ خیز سفارتی مہم کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کی ٹیم کے بھرپور کردار کا خیر مقدم کیا اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی سفارتی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ ہماری جدوجہد کا مقصد یورپ کو مسئلہ کشمیرکی حقیقت اورمقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کرناہے۔ انھوں نے وزیراعظم کو بتایاکہ یورپ میں جاری کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونے شروع ہو گئے ہیں۔