چیئرمین پاکستان یونین ناروے قمر اقبال کی پی ایف یو جے او راین پی سی کے عہدیداروں سے ملاقات

Qamar Iqbal - NPC Meeting

Qamar Iqbal – NPC Meeting

ناروے، اسلام آباد (پ۔ر) پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے گذشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پریس کلب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر محمد افضل بٹ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم اور سیکرٹری پریس کلب عمران یعقوب ڈھلون، سیکرٹری فنانس اسحاق چوہدری ، پریس کلب کے سینئر اراکین مجاہد بھٹی اور قربان ستی نے ان کا خیر مقدم کیا۔ اس دوران ریسرچ سکالر اور سیئر صحافی سید سبطین شاہ ، پاکستان یونین ناروے کے سینئر رکن چوہدری اصغردھکڑ، کاروباری شخصیت چوہدری خالد رشید اورگلف نیوز کے آفتاب کاظمی اور سینئر صحافی عامر بٹ بھی موجود تھے۔پریس کلب کی طرف چوہدری قمراقبال اور ان کے وفد کے اعزاز میں عصرانہ بھی دیا گیا۔

تقریب کے دوران چوہدری قمراقبال نے پاکستان یونین ناروے اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی تاریخ کے بارے میں بتایا اور نارویجن پاکستانیوں کے مسائل کو پیش کیا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی ساٹھ اورستر کی دہائی سے ناروے میں مقیم ہیں اور ناروے کی ترقی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے ان کاکردار بہت اہم ہے۔ انھوں نے کہاکہ نارویجن پاکستانی پاکستان کی معشیت کے حوالے سے بھی موثر کرداراداکررہے ہیں اوران کے پاکستان کے حوالے سے مسائل بھی اہم ہیں جن میں حکا م کا منفی رویہ بھی شامل ہے، ان مسائل ہرگزنظرانداز نہیں کیاجاسکتا۔ انھوں نے امیدظاہرکی کہ پاکستان کا میڈیاان مسائل کو اٹھانے میں ہماری مدد کرے گا۔ہم ہرفورم پر اپنی آوازبلند کرتے رہیں گے۔اس وقت پاکستان کے ہرگوشے سے کوئی نہ کوئی پاکستانی باہرمقیم ہیں۔ ان کے مسائل میں نادرا، پاسپورٹ ، ائرپوٹ اور دیگر جگہوں پر حکام کا ناروارویہ، زمین کی خریدو فروخت میں مشکلات، پاکستان میں اووسیز پاکستانی کی سرمایہ کاری میں روکاوٹیں، لوٹ مار، ڈکیٹی ، اغوا برائے تاوان، مختلف کیسوں میں غلط ایف آئی آر، وغیرہ شامل ہیں۔ ان مسائل کو دیکھ کر اوورسیز پاکستانی مایوس ہوجاتے ہیں اور اسی وجہ سے کئی لوگ پاکستان آنے سے کتراتے ہیں۔ خاص طورپران مسائل کہ وجہ سے نئی نسل پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ان کی پاکستان کی طرف رغبت میں کمی ہوجاتی ہے۔ ان مسائل کی وجہ سے پریشانیوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

انھوں نے کہاکہ دہشت گردی اور لاقانیونیت ان مسائل کے علاوہ ہیں۔ پریس کلب میں خیرمقد م کرنے پر چوہدری قمراقبال نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدرمحمد افضل بٹ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم اور سیکرٹری پریس کلب عمران یعقوب ڈھلون ، سیکرٹری فنانس اسحاق چوہدری ، پریس کلب کے سینئر اراکین مجاہد بھٹی اور قربان ستی اور میڈیاکے دیگر اراکین کا شکریہ اداکیا۔ چوہدری قمراقبال نے کہاکہ ہم پاکستان کے میڈیاکے شکرگزار ہیں جس نے ہمیشہ اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اجاگرکیااور ان مسائل کے حل کی کوششوں میں ہمارا ساتھ دیا۔انھوں نے قومی میڈیا کے ساتھ ساتھ گجرات، کھاریاں، لالہ موسیٰ اور ڈنگہ کے پریس کلبوں اور صحافی تنظیموں کے عہدیداروں کا تذکرہ کیاجوان مسائل کو اجاگرکرنے میں ہمہ تن کوشاں رہتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی ترقی میں بڑا کردارہے۔ حکومت کو ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے چاہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہم میڈیاکی سطح پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگرکرنے میں معاونت کریں گے۔ انھوں نے نارویجن پاکستانیوں کے بارے میں کہاکہ نارویجن پاکستانی نہ صرف ناروے کی ترقی میں اہم کردار اداکررہے ہیں بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے میں ان کا کردار بہت اہم ہے۔ انھوں نے کہاکہ نارویجن پاکستانیوں کی شکایات کوحکام بالاتک پہنچانے میں ہم میڈیاکی سطح پر تعاون کریں گے۔ اوورسیزپاکستانی ملک کا امیج بہتر کرتے ہیں۔ غلطیاں پاکستان میں ہوتی ہیں اور شرمندگی باہررہنے والے پاکستانیوں کو اٹھانی پڑتی ہے۔

نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہاکہ اوورسیز پاکستانی باہر کے ممالک میں پاکستا ن کا اثاثہ ہیں اورپاکستان میں ان کے حقوق کا تحفظ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلون نے مہمانوں سے پی ایف یوجے اور نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں کا تعارف کروایا اور کہاکہ اوورسیز پاکستانی اپنے آبائی وطن پاکستان سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں ۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرے۔ انھوں نے پاک۔ ناروے تعلقات بہتربنانے اور پاکستان کا بہتر امیج بنانے میں پاکستان یونین ناروے کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر ریسرچ سکالر اور صحافی سید سبطین شاہ نے کہاکہ حالیہ دنوں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ تشدد جیسے واقعات سامنے آئے ہیں اور میڈیانے ان مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کرداراداکیاہے۔ خاص طورپرحالیہ دنوں نارویجن پاکستانی خواتین پر اسلام آباد ائرپورٹ پر ایف آئی اے کے حکام کی طرف سے جسمانی تشدد کا واقعہ انسانیت سوزہے ۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے۔اس موقع پر چوہدری قمراقبال اور ان کے وفد کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی طرف سے پھو ل پیش کئے گئے۔ بعدازاں ، انہیں پریس کلب کے مختلف حصے دکھائے گئے۔