چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کیلئے کوالیفائی کرنے کا نیا راستہ کھلنے کا امکان

Pakistan

Pakistan

لاہور (جیوڈیسک) چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوالیفائی کرنے کے اب امکانات روشن ہو گئے ہیں کیونکہ اب زمبابوے نے دو کی بجائے سہ ملکی سیریز کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔

جولائی میں پاکستان، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹورنامنٹ ہوگا۔ اس حوالے سے بارباڈوس میں زمبابوے، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے بورڈ کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر پاکستان یہ سہ ملکی سیریز جیت جاتا ہے تو سری لنکا سے شکست کے باوجود پاکستان کوالیفائی کر سکے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان میگا ایونٹ میں رسائی حاصل نہ کرسکا تو بڑی بدنامی ہوگی۔ اس مقصد کے لئے سینئر کرکٹرز مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو بھی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنانا چاہیے۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان معین خان بھی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی رسائی کے معاملے میں تشویش زدہ نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کے لئے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

پاکستان کے ان لیجنڈری کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سمیت ون ڈے سیریز میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مربوط حکمت عملی اپنا کر چیمپئنز ٹرافی میں رسائی کے مقصد کا حصول ممکن ہے۔ واضع رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں کوالیفائی کرنے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔