چودھری نثار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، اہم امور پر بات چیت

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار کے زیر صدارت اجلاس میں کوارڈینیٹر نیکٹا، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ، آئی جی اسلام آباد اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور وزیر داخلہ نے نجی ٹی وی چینل پر دستی بم حملہ روکنے میں ناکامی اور تفتیش میں خاطر خواہ نتائج نہ ملنے پر ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تینوں افسروں کی محکمانہ انکوائری کے بعد چارج شیٹ تیار کی جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ روایتی پولیسنگ سے نہ تو دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے اور نہ ہی امن و امان کی صورتحال میں بہتری آ سکتی ہے۔

اجلاس میں نادرا میں جعلی شناختی کارڈوں کے معاملہ پر بھی بات چیت کی گئی، جس پر وزیر داخلہ نے سخت کارروائی کرنے کے احکامات دئیے، اجلاس میں برسلز میں یورپی یونین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی گئی۔