چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اختلاف

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نواز شریف اور شہباز شریف میں اختلاف سامنے آگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان دو مرحلوں میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پارٹی کے اہم رکن اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور صدر شہباز شریف میں اختلاف برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن نوازشریف نے ٹکٹ جاری کرنے کے لیے شرط رکھی ہے کہ وہ پہلے درخواست دیں اس کے بعد ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا تاہم چوہدری نثار ٹکٹ کے لیے درخواست دینے سے انکار کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے چوہدری نثار کی جگہ درخواست دینے والوں کو ٹکٹ جاری کرنے پر غور کیا ہے، 70 فیصد ٹکٹ پرانے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو دیے جائیں گے جب کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے 3 حلقوں سے الیکشن لڑنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔