چودھری نثار کو ٹکٹ ضرور ملے گا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif - Chaudhry Nisar

Shahbaz Sharif – Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کے پارٹی سے اختلافات برقرار، ٹکٹ مانگا نہ انہیں پارلیمانی بورڈ کا رکن بنایا گیا۔ شہباز شریف کہتے ہیں کہ چودھری نثار کو ٹکٹ ضرور ملے گا۔

سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کی مسلم لیگ (ن) سے ناراضگی ختم نہیں ہوئی۔ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کر دئیے، مگر چودھری نثار نے ٹکٹ کے لئے درخواست جمع نہیں کرائی۔

سابق وزیرِ داخلہ 2013ء میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا حصہ تھے لیکن اس مرتبہ انہیں بورڈ کا رکن بھی نہیں بنایا گیا۔ پارٹی صدر شہباز شریف کہتے ہیں کہ چودھری نثار دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ وہ ناراض ضرور ہیں لیکن جلد مان بھی جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پارٹی ٹکٹ مانگیں یا نہ مانگیں انہیں ٹکٹ ضرور ملے گا۔

واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 59 اور 63 اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں پی پی 12 اور پی پی 17 سے میدان میں اترنے کا اعلان کر رکھا ہے۔