چوہدری شوکت منظور کی قیادت میں محمد شعیب ادریس گروپ کا سیاسی طاقت کا مظاہرہ

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت منظور چیمہ کی قیادت میں امیدوار برائے چیئرمین بلدیہ بابو محمد شعیب ادریس گروپ نے سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

مقامی ہوٹل میں بابو شعیب ادریس کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں نومنتخب کونسلرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایم پی اے چوہدری شوکت منظور چیمہ نے کہا کہ حالات اب تبدیل ہوچکے ہیں باشعور عوام لوٹ مار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

حقیقی معنوں میںعوامی خدمت کا عزم لیکر سیاست میں آئے ہیں اور ایسے لوگوں کا چنائو کریں گے جو عوام میں دیانتداری کی وجہ سے مقبول ہوں۔بابو شعیب ادریس نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شوکت منظور چیمہ علاقہ کی ہر دلعزیز شخصیت ہیں جس کا بڑا ثبوت حلقہ کی عوام کا ان پر بار بار اعتماد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منتخب ہو کر بلا تفریق علاقہ کی عوام کو سہولیات بہم پہنچائیں گے۔کرپشن ، لوٹ مار اور غنڈہ گردی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ تقریب میںبیس سے زائد نومنتخب کونسلرز نے شرکت کی۔

امیدوار برائے چیئرمین بلدیہ وزیرآباد بابو شعیب ادریس نے اپنے ساتھی کونسلر ز خطاب کے دوران کہا کہ کرپشن اور دولت والی سیاست زمین بوس ہوچکی اب عوام کا پسندیدہ لیڈر وہی ہوگا جو حقیقی معنوں میں کرپشن سے پاک عوامی خدمت کا فریضہ بجا لائے گا۔

منتخب ہوکر اپنے شہر کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرواکے دوسروں کیلئے مثال بنا دوں گا۔ انہوں نے ساتھی کونسلرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کی آنکھیں اس وقت حیرت سے کھلی کی کھلی رہ جائیں گی جب منتخب عوامی نمائندے عوام دوست قیادت کا چنائو کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیرآباد ٹائون کمیٹی سے35کونسلرز حالیہ بلدیاتی انتخابات میں منتخب ہوئے ہیں جن میں سے اکثریت بابو شعیب ادریس کے چیئرمین کی سیٹ پر انتخاب کی حامی ہے جس کا سوشل میڈیا اور کھلے مقامات پر عام اظہار کیا جاتا ہے۔