چیف جسٹس ناصر الملک ایک سال ایک ماہ گیارہ دن عہدے پر رہنے کے بعد کل ریٹائر ہو رہے ہیں

Nasirul Mulk

Nasirul Mulk

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک ایک سال ایک ماہ اور گیارہ دن چیف جسٹس رہنے کے بعد 16 اگست کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ چیف جسٹس پاکستان ناصر الملک کا دور ماضی کی نسبت شہ سرخیوں کی زینت تو نہ بنا لیکن ملکی تاریخ کے اہم ترین فیصلے ضرور ہوئے۔

چیف جسٹس ناصر الملک نے موجودہ وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے ، عام انتخابات 2013 کو دھاندلی کی بنیاد پر کالعدم قرار دینے کی درخواستوں کو نا قابل سماعت قرار دیکر خارج کیا۔ چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جو ڈیشل کمیشن نے عام انتخابات 2013 ء میں منظم دھاندلی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

فوجی عدالتوں اٹھارہویں اور اکیسیویں آئینی ترامیم کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں ، جسٹس نا صر الملک نے بطور جج سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا۔ جسٹس ناصر الملک کے بطور چیف جسٹس دور میں مجموعی طور تقریبا ساڑھے پندرہ ہزار مقدمات نمٹائے ، ساڑھے 18 ہزار نئے مقدمات کا اندراج ہوا۔