وزیر اعلیٰ کی جانب سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ گردے و جگر کے امراض کے جدید علاج کے حوالے سے یہ ادارہ خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہو گا۔

اس کے قیام سے گردے اور جگر کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی۔ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے پر دن رات کام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اور محکمے مربوط انداز میں منصوبے کو آگے بڑھائیں۔