وزیراعلیٰ شہباز شریف کی تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے پولیس کے اقدامات کی تعریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پولیس نظام میں اصلاحات اور تھانہ کلچر کی تبدیلی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کی دل کھول کر تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ فرنٹ ڈیسک کے قیام کا فیصلہ ایک احسن اقدام ہے جس سے پولیس کی کارکردگی اور نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے پولیس سٹیشنوں کو امن کاگہوارہ بنایا جا سکتا ہے جہاں سائلین اپنے مسائل کے حل کیلئے بلاخوف و خطر رابطہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کو چلانے کیلئے مانیٹرنگ اور سینئر افسران کی اپنی دلچسپی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی قابل ستائش ہے کہ اب تک 13 اضلاع کے 2 سو سے زائد تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ دیگر تھانوں میں رواں سال میں دسمبر تک یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔