بچوں کے مقبول رسالے ماہنامہ ساتھی کا ‘ابو نمبر’شائع ہو گیا

کراچی : پاکستان میں بچوں کے مقبول ترین رسالے ماہنامہ ساتھی کا خاص نمبر ‘ابو نمبر’ مئی ٢٠١٦ء کے عنوان سے شائع ہوگیا ہے۔ ماہِ رواں مئی میں منظرِ عام پر آنے والے سالانہ شمارے میں بچوں کے ادب سے منسلک مُلک کے نامور و ابھرتے ہوئے ادیبوں، مضمون نگاروں و شعرا کی تخلیقات خصوصی طور پر شامل کی گئی ہیں۔ 1977 سے بچوں کے ادب کی ترویج و تخلیق میں کوشاں ماہنامہ ساتھی کے سالانہ نمبر کی اشاعتِ خاص کو ادبی حلقوں میں خصوصی پذیرائی دی جارہی ہے اور کم سِن بچوں کی اسلامی، اخلاقی و ادبی خطوط پر کردار سازی کے ضمن میں ماہنامہ ساتھی کے کلیدی کردار کو اردو ادب کے ناقدین نے سراہا ہے۔

اس تاریخی موقع پر اپنے تاثرات میں ماہنامہ ساتھی کے مُدیر جناب اعظم طارق کوہستانی نے کہا کہ ماہنامہ ساتھی کے ‘ابو نمبر’ مئی ٢٠١٦ء کی خصوصی اشاعت اس بات کا ثبوت ہے کہ مطالعے کے عمومی رجحان میں کمی و نا خواندگی کی بڑھتی ہوئی شرحِ کے باوجود پاکستان میں بچوں کا ادب روز افزوں ترقی کر رہا ہے اور کم سِن قارئین کی ایک بڑی تعداد معیاری اردو لٹریچر سے مستفید ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہنامہ ساتھی کی فقیدالمثال کامیابی میں ملک میں بچوں کے ادب سے منسلک مصنفین، شعرا اور مضمون نگاروں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ رسالے کے مدیران نے بھی ‘نہ نفع نہ نقصان’کے سنہری اصول پر کاربند رہتے ہوئے انتہائی ناموافق حالات و مالی مشکلات کے باوجودرسالے کی مسلسل اشاعت ممکن بنائی رکھی جس کی جتنی پذیرائی کی جائے کم ہے۔

بچوں کی عمومی دلچسپی و اسلامی و ادبی خطوط پر تربیتی تقاضوں کی مناسبت سے ماہنامہ ساتھی کے ‘ابو نمبر’ مئی ٢٠١٦ء میں ملک کے امور ادیبوں و شعراکی تخلیقات شامل کی گئی ہیں جن میں جناب اطہر علی ہاشمی، احمد حاطب صدیقی ، نذیر انبالوی،شاہ نواز فاروقی، میر شاہد حسین، ضیاء اللہ محسن،فوزیہ خلیل عظمیٰ ابونصر صدیقی، بینا صدیقی، راحمہ خان، سلیم فاروقی، تنویر پھول، حمیرا اطہر،احمد عدنان طارق و دیگر ابھرتے ہوئے نام شامل ہیں۔سالنامے میں دلچسپی سے بھر پور کہانیوں و بے شمار معلوماتی مضامین شامل کیے گئے ہیں جن میں فاطمہ کے ابو، ابو کی ڈانٹ، ابو نے جب تحفہ دیکھا،عجیب ابو، ابو ایسے ہوتے ہیں، جانوروں کے ابو، ابو کی باتیں، پہلے ابو کی نصیحت، ابو ہمارے عہد کے، ابو سات سمندر پار اور ابو کی مانیں گے بات قابلِ ذکر ہیں۔

Abu Number

Abu Number