بچوں کا غیر محفوظ مستقبل اور ہم

Children

Children

تحریر : الیاس رئیس بلوچ
بچوں کا نام سنتے ہی سب کے چہروں پر ایک سکون آمیز مسکراہٹ آ جاتی ہے- دنیا میں شاید ہی کوئی انساں ہو کہ جسے بچوں سے پیار نہ ہو- دنیا میں اللہ تعالی کی بہت ساری نعمتوں میں سے بڑی نعمت زندگی کے بعد اگر کوئی ہے تو وہ بچے ہی ہیں. دنیا ان کی وجہ سے تو خوب صورت لگتی ہے. ان کی شرارتیں، ان کی مستیاں سب کو اچھی لگتی ہیں. کوئی کتنے غصے میں کیوں نہ ہو، کتنا غمگین کیوں نہ ہو، لیکن جب کسی شرارت بھرے مسکراتے چہرے کو یعنی بچے کو دیکھتا ہے، تو اپنے سب غم بھول جاتا ہے۔

بچے پھولوں کی مانند ہیں، جو صرف خوشیاں پھیلاتے ہیں، جو صرف پیار بانٹتے ہیں. لیکن سوال یہ ہے کہ بدلے میں ہم ان خوب صورت پھولوں کو کیا دے رہے ہیں؟ یہ سوچ کر قلم کی نوک پر بھی لرزا سا طاری ہو جاتا ہے کیوں کہ آج دنیا میں سب سے زیادہ غیر محفوظ اگر کوئی ہے تو وہ بچے ہیں۔

سب سے زیادہ خوف زدہ اگر کوئی ہے تو بچے ہیں. خوراک کی کمی ان کو ہے، تعلیم اور صحت جو ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن زیادہ تر بچوں کو آج بھی یہ میسر نہیں. آج بھی کئی بچے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، آج کا بچہ خوف و دہشت اور جبر کی دنیا میں جی رہا ہے، جہاں قدم قدم پر ان کو جسمانی اور جنسی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

School Children

School Children

گھر ہو، اسکول یا گلی محلہ کہیں بھی آج کل بچے محفوظ نہیں. پہلے وقتوں میں جنگوں میں بچوں اور عورتوں کو بیچ میں نہیں لایا جاتا تھا- لیکن آج کل تو دہشت گردوں کا ٹارگٹ ہی بچے ہیں. پوری دنیا میں آج کل جنگوں کی وجہ سے سب زیارہ نقصان بچوں کا ہو رہا ہے. پاکستان سمیت عراق، شام، اور بہت سے ممالک میں بچوں کی زندگی سب سے زیادہ خطرے میں ہے. یونیسیف کی حالیہ رپورٹ کے مطابق آج کی دنیا سب سے زیادہ خطرناک ہے بچوں کے لیے۔

آج مسکراتے چہروں پر خوف و دہشت چھائے ہوئے ہیں، ان کی نم ناک آنکھیں اور معصوم چہرے ہم سب سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ بتاؤ ہمارا کیا قصور ہے؟ کیوں ہمیں یوں ڈراتے ہو؟ ہم تو ابھی اس دنیا میں آئے ہیں. ہم نے تو ابھی کچھ دیکھا نہیں. ہم نے تو ابھی کچھ کیا ہی نہیں. ہمیں کیوں مار رہے ہو۔

کیوں آج کی دنیا ہمارے لیے جہنم بنادی ہے تم لوگوں نے. ہم تو محبت اور خوشیاں بانٹنے آئے ہیں، آج کی اس نفرت بھری دنیا کو ہماری ضرورت ہے. ہمیں جینے دو، ہمیں پیار باٹنے دو—خدا کے واسطے!!۔

Ilyas Raees

Ilyas Raees

تحریر : الیاس رئیس بلوچ