چین کے قومی دن کی تیاریاں اختتامی مراحل میں

China

China

بیجنگ (جیوڈیسک) چین کے قومی دن کی تیاریاں اختتامی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ دارالحکومت بیجنگ کے تیانمن اسکوائر پر کئی میٹر اونچی فلاور باسکٹ سجادی گئی۔ یکم اکتوبر کو چین اپنا 65 واں قومی دن منانے کی تیاری کررہا ہے۔

قومی دن کی مناسبت سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے تیانمن اسکوائر کو ایک دیوہیکل فلاور باسکٹ سے سجا دیا گیا ہے۔ اس اسکوائر پر رکھی گئی اپنی نوعیت کی یہ سب سے بڑی فلاور باسکٹ کئی میٹر اونچی ہے جس کا قطر 40 میٹرسے بھی زیادہ ہے۔

جبکہ اس میں لگائے گئے 90 فیصد پھول مصنوعی ہیں۔ روایتی طریقے سے لکڑی اور چکنی مٹی سے تیار کی گئی اس فلاور باسکٹ کو ڈیزائن کرنے اور اسکی سجاوٹ میں 30 افراد کی کٹھن محنت شامل ہے۔

مصنوعی پھولوں سے مزین باسکٹ کے اردگرد بھی پھولوں کی شاندار سجاوٹ کی گئی ہے جبکہ دارالحکومت بیجنگ کی تمام مرکزی شاہراہوں کو پھولوں کے قالین سے سجادیا گیا ہے۔ قومی دن کی تقریبات کے حوالے سے سجاوٹ کا مرحلہ تقریباً مکمل ہوچکا ہے جسے عام نمائش کیلئے بھی کھول دیا گیا ہے۔