محاذ آرائی سے بچنے کیلئے اداروں کو اپنی انا سے نکلنا ہو گا: رضا ربانی

Raza Rabbani

Raza Rabbani

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ منصب آنی جانی چیز ہے، آخر میں کردار اور اصول رہ جاتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا اپنے الوداعی خطاب میں کہنا تھا کہ میں نے چھوٹے سے سیاسی کارکن کی حیثیت سے اپنا کیریئر شروع کیا۔ اپنی ماں اور سیاسی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی وجہ سے میں اس مقام تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 12 مارچ 2015ء کو چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے میں نے اپنا حلف اٹھایا اور اسی روز اپنے اثاثے ظاہر کیے، اس وقت اور آج میرے اثاثوں کا موازنہ کیا جا سکتا ہے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ میں نے چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے پارلیمان کی بالادستی اور اصولوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ کبھی نہیں کیا کیونکہ منصب آنی جانی چیز ہے، آخر میں کردار اور اصول رہ جاتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے الوداعی خطاب میں تمام سینیٹرز اور خاص طور پر لیڈر آف اپوزیشن چودھری اعتزاز احسن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن نے ہاؤس چلانے میں میری مدد اور معاونت کی۔