جڑواں شہروں سے 1 انسانی اسمگلر، 3 مشتبہ افراد گرفتار

Arrested

Arrested

اسلام آباد (جیوڈیسک) حساس اداروں اور پولیس نے تھانہ بہارہ کہو میں ڈھوک جیلانی، مدینہ ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں چار گھنٹوں تک 100 گھروں کی تلاشی لی اور سرچ آپریشن کیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تین مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں شکیل، محمد ندیم اور سہیل شامل ہیں۔

مشتبہ افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ تمام افراد کو مزید تفتیش کے لئے تھانہ بہارہ کہو منتقل کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے علاقہ چاندنی چوک میں ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح افراد کو لوٹنے والے انسانی اسمگلر ملزم ریاست علی سے چار پاسپورٹ، جعلی دستاویزات اور مہریں برآمد کر لیں۔ ملزم سادہ لوح لوگوں کو دبئی اور دیگر ممالک بھجوانے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔ گرفتار انسانی سمگلر کو مزید تفتیش کے لئے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔