دینہ کی خبریں 22/2/2018

Dina

Dina

دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے) دینہ شہر میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، صفائی عملہ کی شہر میں صفائی کے حوالے سے عدم توجہی ،صفائی کے عملہ کی تعداد بھی بہت کم زیادہ تر ملازمین روزانہ کی اجرت پر کام کرتے ہیں جو صرف دو گھنٹے ڈیوٹی دینے کے بعد غائب، صفائی کے عملہ کے پاس نہ کوئی مخصوص لباس اور نہ ہی گلوز اور نہ ہی ماسک کا استعمال کیا جاتا ہے،شہر سے کچرا اٹھانے والی ٹر یکٹر ٹرالی منگلا روڈ سے لیٹ کچرا اٹھانے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل کے ساتھ وہاں سے گزرنے والے افراد میں بدبو اور جراثیم کے باعث بیماریوں کے خدشات بڑھنے لگے ،عوام الناس کا ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی سے نوٹس کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق دینہ شہر میں صفائی کے حوالے سے تنخواہوں کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کے فنڈ ضائع کرنے کے باوجود شہر مسائل کا شکار بن چکا ہے ،شہر کی آبادی کے حوالے سے صفائی کا عملہ نہ ہونے کے برابر ہے ،جو عملہ بھرتی کیا گیا ہے ان میں بھی زیادہ تر ملازمین روزانہ اجرت پر کام کر رہے ہیں ہیں جو کہ دو تین گھنٹے ڈیوٹی دینے کے بعد غائب ہو جاتے ہیں ،شہر کی صفائی کے حوالے سے وہ ہفتہ میں ایک بار چکر لگاتے ہیں وہ بھی سر سری سا نہ ہونے کے برابر ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر پڑے دکھائی دیتے ہیں ،شہر کی تمام گلیوں کی نالیاں مٹی سے بھر چکی ہیں وہاں تو صفائی کا عملہ جاتا ہی نہیں اور اکثر گلیوں کی صورتحال ایسی ہے کہ نالیوں کا پانی باہر گلیوں اور سڑک تک پہنچ چکا ہے ،شہر میں کچرا ٹھانے کا عملہ دیر سے آنے کی وجہ سے منگلا روڈ پر گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں سے گزرنے والے افراد یا دوکانداروں کے لیے بد بو کی وجہ سے کھڑا ہو نا نا ممکن ہو جاتا ہے،صفائی کے عملے کے لیے صحت کے حوالے سے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں ہیں نہ وہ گلوز استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی ماسک کا استعمال کیا جاتا ہے ، صفائی کے عملہ کے پاس بلدیہ دینہ کا اپنا کوئی مخصوص لیبل والا لباس جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ یہ بلدیہ ملازمین ہیں موجود نہیں ہوتا ،کچرے کے لیے مخصوص پوائنٹ ہونے کے باوجود شہر کی مختلف جگہوں جہاں پوائنٹ نہیں گندپڑا دکھائی دیتا ہے ،دینہ شہر میں صفائی کے حوالے سے آج تک کوئی ایسا پروگرام ترتیب نہیں دیا گیا جس سے عوام میں آگاہی صفائی مہم کو ترتیب دیا جا سکے ،اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی مہم صفائی کا آغاز کیا جائے ،نالوں میں گندگی کی وجہ سے نالے بند پڑے ہیں ،اگر دینہ شہر میں صفائی کی صورتحال ایسی رہی تو مختلف بیماریوں کے جنم لینے کے خدشات بڑھ جائیں گے ،عوام الناس نے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلہ کا فوری نوٹس لیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے ) تحصیل دینہ میں عوام کے لیے کسی بھی قسم کا تفریحی پارک موجود نہیں ،عوام ذہنی بیماریوں کا شکار ہونے لگے ،صحت کے حوالے سے واک یا پُر فضا ماحول کے لیے پارک کا ہونا بہت ضروری ہے،بچے بھی تفریحی سہولیات سے محرومی کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ منفی سرگرمیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں جوعوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے،عوام الناس کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے اس حوالے سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق دینہ کو تحصیل کا درجہ تو دے دیا گیا لیکن یہ بنیادی ضروریات زندگی سے محروم شہر ہے ،تفریح کے حوالے سے شہر میں کسی قسم کا کوئی پارک موجود نہیں جہاں لوگ فیملی کے ساتھ جا کر وقت گزار سکیں یا صحت کے حوالے سے واک کر سکیں ،تحصیل دینہ شہر کی آبادی دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جس نے عوام کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے ،تفریحی سہولیات کے حوالے سے بچوں کے لیے بھی کوئی موزوں جگہ یا پارک نہیں جہاں وہ اپنی تفریحی سرگرمیاں سر انجام دیں سکیں جس کی وجہ سے شہر کے اکثر بچے منفی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے جا رہے ہیں ،منشیات کا استعمال عام ہوتا جا رہا ہے جس کی روک تھام کے لیے بچوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے لیے تفریحی پارک کا ہونا بہت ضروری ہے ،خواتین کے لیے پارک کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے وہ گھروں میں محصورہو کر رہ گئی ہیں ،اس حوالے سے تحصیل دینہ کے عوامی نمائندے اور انتظامیہ ناکام دکھائی دیتے ہیں اور کسی نے بھی آج تک اس طرف توجہ نہیں کی ہے،دینہ شہر کی خوبصورتی کے لیے بھی پارک کا ہونا ضروری ہے،عوام الناس نے ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار رعیسانی سے یہ توقعات وابستہ کی ہیں کہ وہ اس مسئلہ کا فوری نوٹس لیں گے اور دینہ کی عوام کے لیے حکومت پنجاب سے پارک کے لیے جگہ کی منظوری میں اہم کردار ادا کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دینہ(جمیل احمد کھٹانہ سے ) خطہء کشمیر کے عظیم روحانی پیشواء حضرت خواجہ حافظ محمد حیات کے پوتے ، شیخ المشائخ حضرت خواجہ محمد علی کے لخت جگر اور آستانہ عالیہ ڈھنگروٹ شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین پیر طریقت حضرت خواجہ پیر محمد زکریا نعمانی کے والد گرامی حضرت خواجہ پیرمحمد شریف ؒ کی بلندیء درجات کے سلسلہ میں ختم قُل کی تاریخی محفل ان کے مزار پُر انواربرلب منگلابائی پاس موضع چک دادُوتحصیل دینہ ضلع جہلم پرمنعقد ہوئی ،جس میں مختلف سلاسل ہائے طریقت کے مشائخ عظام ، علماء کرام ، ممتاز سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری معروف شخصیات کے علاوہ آزاد کشمیر کے طول عرض اورعلاقہ بھر سے عقیدت مندوں ، مریدین اور متوسلین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی،اس موقعہ پر پیر محمد شریف ؒ مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور درود وسلام کے بعد پیر محمد زکریا نعمانی نے اپنے صدارتی خطاب اور دعائیہ کلمات میں مشائخ عظام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام کی سیرت و تعلیمات معاشرے کیلئے فلاح و بہبود کا سرچشمہ ہیں،اُن کا مقدس وجود انسانیت کیلئے سراپا خیر ہے۔ان کی زندگیوں کا ہر پہلو امت مسلمہ کیلئے بہترین نمونہء عمل ہے جس پر کاربند ہوکر مثالی اسلامی معاشرہ کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے ،آخر میں مزار اقدس پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد وسیع لنگر تقسیم کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دینہ (جمیل احمد کھٹانہ سے )پولیس چوکی سٹی دینہ کی کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کاروائی ،ملزم گرفتار مقدمہ درج ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دوران گشت مقامی ہوٹل کی جانچ پڑتال کرنے پر پتہ چلا مسمی محمد ندیم ولد محمد منیر قوم کھوکھر سکنہ چک نمبر 207مراد تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگرنے مسمی امجد رفیق عرف بوبی ولد محمد رفیق قوم جگر سکنہ ہڈالی سے عوض 5000ہو ٹل کرایہ پر لے رکھا تھا جس سے کرایہ داری چیک کی گئی اور وہ پیش نہ کر سکا ،تھانہ دینہ میں کرایہ داری فارم نہ جمع کروانے پر محمد ندیم اور امجد رفیق نے ارتکاب جرم 11پنجاب انفارمیشن آف ٹمپری آرڈینس کی خلاف ورزی مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمیل احمد کھٹانہ