سٹی ہسپتال تلہ گنگ مسائل کی آماجگاہ بن گیا

City Hospital

City Hospital

تلہ گنگ (عامر نواز اعوان) سٹی ہسپتال تلہ گنگ مسائل کی آماجگاہ بن گیا ،ایم ایس کا منظورِ نظر عملہ مجبور مریضوں کو ستانے میں پیش پیش، تمام دوائیں باہر کے میڈیکل سٹور سے منگوائی جاتی ہیں غریب کہاں جائیں عوام کا سوال، تفصیلات کے مطابق تحصیل تلہ گنگ کی اتنی بڑی آبادی کی صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے قائم کیا گیا سٹی ہسپتال تلہ گنگ اس وقت مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات تک فراہم کرنے میں بڑی طرح ناکام ہو چکا ہے جس کی وجہ سے تلہ گنگ کے شہریوں کو اکثر شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا رہتا ہے اور کسی حادثے کی صورت میں بھی زخمیوں کو اکثر بغیر یا معمولی ابتدائی طبی امداد کے بعد راولپنڈی ریفر کر دیا جاتا ہے۔

جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانوں کا زیاں ہو چکا ہے اس حوالے سے تلہ گنگ کی عوام کا کہنا ہے کہ سٹی ہسپتا اس وقت تلہ گنگ کی عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے مریض اور زخمی گھنٹوں تڑپتے رہتے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا ہسپتال میں آنے والے غریب مریضوں سے تمام دوائیںباہر کے میڈیکل سٹور سے منگوائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے اب غریب لوگ سٹی ہسپتال کا رخ کرنے سے گھبرانے لگے ہیں جبکہ سیاسی بنیادوں پر تائینات کیا گیا۔

ایم ایس کا منظورِ نظرسٹی ہسپتال کا بد تمیز عملہ بھی مجبور مریضوں کو ستانے میں پیش پیش رہتا ہے اور کئی کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد مریض کو چیک کیا جاتا ہے اور اگر کوئی کچھ بول دے تو عملہ دست و گریبان ہونے سے بھی گریز نہیں کرتا جس کی وجہ سے غریب مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لواحقین کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے عوام نے وزیرِ اعلی پنجاب اور دیگر حکام سے سٹی ہسپتال تلہ گنگ میں سہولیات کی فراہمی اور عملے کا قبلہ درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔